امریکی کمپنی ریلوے کو 55 انجن فراہم کرےگی
لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس عید پر ریکارڈ تعداد میں خصوصی ٹرینوں کو چلایا جائے گا جبکہ کرایوں میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
پاکستان ریلوے اور امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک کے درمیان معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے دوران گرین لائن ایکسپریس کی طرز پر تین نئی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔
ہفتے کے روز ہونے والے اس معاہدے کے تحت جنرل الیکٹرک پاکستان ریلوے کو ڈیزل سے چلنے والے 55 انجن فراہم کرے گی۔
معاہدے کے تحت امریکی کمپنی پانچ مکمل انجن آئندہ سال نومبر تک فراہم کردے گی جبکہ باقی انجن پاکستان ریلوے کو اپریل 2017 تک دیے جائیں گے۔
4000 سے 4500 ہارس پاور کے یہ انجن ریلوے میں اب تک کے سب سے طاقتور انجن ہوں گے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہر یونٹ کی قیمت 50 کروڑ روپے ہے تاہم صرف تین سالوں میں یہ اپنی قیمت چکا دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان انجنز کو درآمد کرنے کا اہم مقصد پنجاب میں کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کو کوئلہ فراہم کرنا ہے۔
وزیر ریلوے کے مطابق ان انجنوں میں سے 20 سے 22 ساہیوال، 10 جامشورو اور دیگر پاور پلانٹس کے لیے مختص کیے جائیں گے۔
سعد رفیق نے بتایا کہ دیگر 15 انجنوں کو مال گاڑیوں میں استعمال کیا جائے گا تاکہ ریلوے کے لیے منافع بنایا جاسکے۔
پاکستان ریلوے کو جدید بنانے کے لیے 10 سے 12 ارب ڈالر رقم کی ضرورت ہے تاہم پاک چین معاشی راہداری منصوبے صرف 3.69 ارب ڈالر رقم ملے گی جس سے صرف کراچی سے پشاور تک کی لائن اپ گریڈ ہوسکے گی۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ باقی کی رقم کا انتظام کرنے کے لیے مختلف ممالک سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بی ایس 1 سے بی ایس 16 تک کے ملازمین کے سروس اسٹرکچر کے لیے پیر کو کمیٹی بنائی جائے گی۔