Dawn News Television

شائع 07 جولائ 2015 09:04pm

مے ویدر ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی بیلٹ سے محروم

پانچ مرتبہ کے عالمی چیمپیئن فلائیڈ مے ویدر سے ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کی بیلٹ واپس لے لی گئی ہے جو انہوں نے مئی میں فلپائنی حریف مینی پکاؤ کو شکست دے کر جیتی تھی۔

مے ویدر کو ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کو تین جولائی تک دو لاکھ ڈالر کی رقم ادا کرنا تھی لیکن وہ ایسا کرنے میں ناکام رہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ مے ویدر اب ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کا ٹائٹل چھوڑ دیں گے جیسا کہ انہوں نے پکاؤ سے میچ میں فتح کے بعد اعلان بھی کیا تھا۔

مے ویدر نے پکاؤ کو شکست دینے کے بعد کہا تھا کہ وہ اپنے تمام ٹائٹل چھوڑ کر نوجوانوں کو بیلٹ جیتنے کا موقع فراہم کریں گے۔

مے ویدر اور پکاؤ کے درمیان 40 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا بزنسک رنے والی فائٹ کو کھیلوں کی دنیا کا سب سے مہنگا مقابلہ قرار دیا گیا تھا۔

اب ان کے ساتھی امریکی باکسر ٹموتھی بریڈلی اس بیلٹ کے مالک بن جائیں گے۔

ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن نے اس صورتحال میں اپنے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ورلڈ باکسنگ چیمپیئن شپ کمیٹی کے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ وہ مے ویدر جونیئر سے ڈبلیو بی او ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا اعزاز واپس لے لے۔

مے ویدر کے پاس ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے خلاف اپیل کرنے کیلئے 20 جولائی تک کا وقت ہے۔

Read Comments