ملالہ کا عالمی رہنماؤں سے دلچسپ مطالبہ
اوسلو: نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے عالمی قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام بچوں کو 12 سال تک مفت تعلیم فراہم کرنے کی خاطر ’آٹھ دنوں کیلئے اپنے عسکری اخراجات میں کٹوتی کرے‘۔
ملالہ فنڈ نامی این جی او کا کہنا ہے کہ ہر سال تعلیم کیلئے تقریباً 39 ارب ڈالرز درکار ہیں۔
اوسلو میں اقوام متحدہ کی ایک تعلیمی کانفرنس میں ملالہ نے کہا ’بظاہر یہ بہت بڑی رقم نظر آتی ہے لیکن حقیقت میں یہ اتنئ زیادہ بھی نہیں‘۔
’در حقیقت اور بدقسمتی سے صرف آٹھ دنوں میں 39 ارب ڈالرز فوج پر خرچ کر دیے جاتے ہیں‘۔
ملالہ نے جون میں عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم سے ملاقات میں رواں سال اقوام متحدہ کی جانب سے پیش ہونے والے ’ Sustainable Development Goals‘ پر گفتگو کی۔
نئے اہداف حاصل کرنے کیلئے فنڈز جمع کرنے کی خاطر ایتھوپیا کے شہر ادیسہ بابا میں ایک اجلاس طے ہے۔
رواں ہفتہ اپنی 18ویں سالگرہ منانے والی ملالہ کے مطابق ’میرا پیغام یہ ہے کہ ان اہداف میں سیکنڈری تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا‘۔
’ہر بچے کو بارہ سال تک مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے درکار پیسہ پہلے سے موجود ہے‘۔