پاکستان

ڈگری سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، ریحام خان

عمران خان کی اہلیہ نے برطانوی اخبارڈیلی میل کی خبرکوجھوٹا اوربے بنیاد قرار دے کر اس کی اشاعت کے وقت پر سوال اٹھایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے برطانوی اخبار ڈیلی میل میں ان کی ڈگری کے مشکوک ہونے کی خبر کو جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ریحام خان کا کہنا تھا کہ اس بے بنیاد پروپیگنڈے کے لیے جو وقت چنا گیا وہ شکوک وشبہات پیدا کررہا ہے، انھوں نے سوال کیا کہ اس وقت برطانیہ میں اور کیا کچھ ہورہا ہے؟

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے آج صبح اپنی ایک رپورٹ میں ریحام خان کی ڈگری پر سوال اٹھایا تھا۔

واضح رہے کہ ریحام خان نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر لنکن شائرکے نارتھ لنڈسے کالج سے براڈکاسٹ جرنلزم کورس میں داخلے کا دعویٰ کر رکھا ہے۔

تاہم ڈیلی میل پر شائع ہونے والی رپورٹ میں ریحام خان کے اس دعویٰ کو "جھوٹا" ثابت کرتے ہوئے آفیشلز کے حوالے سے انکشاف کیا گیا تھا کہ نارتھ لنڈسے کالج میں جرنلزم کا کوئی کورس پڑھایا ہی نہیں جاتا، بلکہ کالج میں سرے سے جرنلزم پڑھائی ہی نہیں جاتی۔

ڈیلی میل کی رپورٹ میں لنڈسے کالج کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا کہ نارتھ لنڈسے کالج میں ریحام خان کے نام سے کبھی کوئی اسٹوڈنٹ زیرِتعلیم نہیں رہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ریحام خان نے اس رپورٹ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "آج صبح یہ ثابت ہوگیا کہ میں ڈیلی میل کیوں نہیں پڑھتی اور نہ ہی پاکستانی ٹی وی چینلز دیکھتی ہوں"۔

ریحام نے مزید کہا کہ "اگر آپ پاکستان میں حقیقی مسائل اجاگر کریں تو ایک لابی حملہ آور ہوجاتی ہے، تاہم نہ میں کبھی کسی چیز سے خوفزدہ ہوئی ہوں اور نہ کبھی ہوں گی، ایسے ہتھکنڈے مجھے اپنے مقصد سے دور نہیں کرسکتے"۔

انھوں نے اپنی ڈگری سے متعلق خبر کی اشاعت کو چند لوگوں کا مخصوص ایجنڈا قرار دیا۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے نجی چینل سے گفتگو میں کہا تھا کہ یہ ریحام خان کا ذاتی مسئلہ ہے۔

نعیم الحق کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریحام خان نے ویب سائٹ پر ڈگری سے متعلق کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی برطانوی اخبار نے یہ کہا ہے کہ ریحام خان نے ڈگری لینے کا دعویٰ کیا ہے۔

واضح رہے کہ ریحام خان کی ڈگری کی خبر ڈیلی میل سے منسلک صحافی سیباستین شیکسپیئر نے دی ہے، جنھوں نے اس سے قبل ریحام اور عمران خان کی شادی کی خبردی تھی۔

ریحام خان اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان رواں برس جنوری میں اسلام آباد میں ایک سادہ اور پر وقار سی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔