پاکستان

عمران خان کا سیاسی مستقبل 'سیاہ' قرار

ایک ریٹائرڈ جنرل نے اپنے سروس میں توسیع کے لیے عمران خان کا استعمال کیا، جاوید ہاشمی کا الزام۔

ملتان: تجربہ کار سیاست دان جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل شجاع پاشا سمیت کچھ جنرلز نے پاکستان تحریک انصاف کو اپنے ذاتی مفاد کے لیے استعمال کیا اور ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ریٹائرڈ جنرل نے اپنے سروس میں توسیع کے لیے عمران خان کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے غلط فیصلوں میں 'امپائروں' کا کوئی کردار نہیں تھا۔

پی ٹی آئی کے سابق صدر کا کہنا تھا کہ جوڈیشنل کمیشن کے فیصلے نے عمران خان کے سیاسی مستقبل کو سیاہ کردیا ہے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے عمران خان کو خبردار کیا تھا کہ ان کے فیصلے ان کی سیاست کو ختم کردیں گے۔ 'عمران خان نے پی ٹی آئی بنائی تھی اور اب وہ خود اسے تباہ کررہے ہیں۔'

ہاشمی صاحب کے مطابق اسٹیبلشمنٹ کی حمایت یافتہ جماعتوں کا پاکستانی سیاست میں اب کوئی کردار نہیں اور نہ ہی ملک میں کبھی مارشل لاء لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے کہے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرلینا چاہیے جبکہ وزیراعظم نواز شریف کو بھی اسے انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی ہمدردیاں ان نوجوانوں کے ساتھ ہیں جو عمران خان کی کال پر آگے آئے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی یقین دہانی کہ اگر دھاندلی ثابت ہوئی تو وزیراعظم استعفیٰ دے دیں گے، کے باوجود دھرنے کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس ہر حملہ کیا گیا ۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ضمنی انتخاب کے دوران دھاندلی ہوئی تھی تاہم جمہوریت کی خاطر انہوں نے نتیجہ قبول کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی میں شامل ہونے کی پیشکش موجود ہے تاہم انہوں نے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قومی سیاست میں بحالی ممکن ہے تاہم اس کے لیے کوششیں تیز کرنا پڑیں گی۔

اس موقع پر انہوں نے جنرل راحیل شریف کے جمہوریت کے لیے کردار کو بھی سراہا۔