سرنگ بناکر غیرملکیوں کو ہدف بنانے والا ملزم گرفتار
لاہور: پولیس نے ایک شخص کو غیر ملکی شخصیات کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کے جرم میں گرفتار کرلیا ہے۔
انسداد دہشت گردی کے محکمے کے ایس پی معروف صفدر واہلا نے ڈان کو بتایا کہ اپنی وابستگی جماعت الدعوہ سے بتانے والے محمد دین کو جب گرفتار کیا گیا تو انہوں نے اپنے گھر سے چھ فٹ لمبی سرنگ بنا رکھی تھی۔
ان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے باہر خودکش حملہ کرنے والے ایک ملزم نے بتایا کہ ایک شخص غیر ملکیوں کو ہدف بنانے کے لیے اپنے گھر سے ایک کلب تک سرنگ بنارہا ہے۔
ایس پی کے مطابق ملزم کا گھر کلب کی دیوار سے صرف 100 فٹ کے فاصلے پر واقع ہے۔
ان کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 1994 سے جماعت الدعوہ سے وابستہ ہیں اور 2001 میں مانسہرہ میں انہوں نے عسکری تربیت حاصل کی۔
تاہم تنظیم نے ملزم کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد دین نامی کوئی شخص اس کے ساتھ وابستہ نہیں رہا۔
محمد دین کی بیوی نے بتایا کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس کچھ افراد نے رمضان سے قبل ان کے شوہر کو گرفتار کیا تھا۔
ملزم کے رشتہ دار طارق پرویز نے ڈان کو بتایا کہ محمد دین رکشہ چلاتا تھا تاہم بعد میں مستری بن گیا۔ وہ گزشتہ دس سال سے اپنے گھر میں رہ رہا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ محمد دین کے والد راشد متعدد بار پولیس اسٹیشن گئے تاہم کسی نے ان کے ٹھکانے کے حوالے سے معلومات فراہم نہیں کیں۔