Dawn News Television

شائع 24 جولائ 2015 03:21pm

نازی جرمن کا نشان بنانے پر کروشیا کو سزا

یورپیئن فٹبال ایوسی ایشن نے یورو کپ 2016 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں میدان میں نسل پرستانہ نشان بنانے پر کروشیا کی ٹیم کا ایک پوائنٹ کاٹ کر جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

جون میں اٹلی سے کھیلے گئے یورو کپ 2016 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ ایچ کے میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔

تاہم اس پلٹ میں کھیلے گئے اس میچ کے دوران گراؤنڈ پر نازی جرمن کا نشان بنانے پر کروشین ٹیم کا ایک پوائنٹ کاٹے کے ساتھ ساتھ ان پر ایک لاکھ یورو جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

اس ایک پوائنٹ کے کٹنے کے باوجود کروشیا کو اٹلی پر ایک پوائنٹ کی سبقت حاصل ہے جو میچ جیتنے پر دگنی تھی لیکن یوئیفا کے ایکشن کے سبب انہیں قیمتی پوائنٹ سے محروم ہونا پڑا۔

کروشین فٹبال فیڈریشن نے اس معاملے پر یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن سے معافی مانگتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ناصرف کروشین فٹبال بلکہ ملک کیلئے بھی شرم کا مقام ہے اور ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس کے پیچھے چھمے عناصر اور ان کے مقاصد کی تہ تک پہنچ سکیں۔

لیکن اس کے باوجود یوئیفا نے ان پر پینالٹی عائد کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانہ بھی عائد کیا اور اب اسے اپنے دونوں میچز ہوم کراؤڈ کی حمایت کے بغیر کھیلنے پڑیں گے کیونکہ میدان میں عوام کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یوئیفا نے اسپلٹ پر ہونے والے اس واقعے کے بعد اعلان کیا ہے کہ اب کروشیا اپنا کوئی بھی یورو کوالیفائنگ میچ اس گراؤنڈ پر نہیں کھیلے گا۔اس فیصلے کے خلاف کروشیا کے پاس اپیل کرنے کیلئے تین دن کا وقت ہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کے خلاف میچ میں بھی تماشائی گراؤنڈ میں نہیں آ سکے تھے کیونکہ اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ کے دوران تماشائیوں نے حریف ٹیم کو نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس کے بعد کروشین عوام اور ٹیم پر یہ پابندی عائد کی گئی تھی۔

Read Comments