وہاب سری لنکا ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دست بردار
کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض زخمی ہاتھ زخمی کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے دست بردار ہو گئے۔
30 سالہ وہاب رواں مہینے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں زخمی ہوئے تھے اور سلیکشن ٹیم نے سیریز سے پہلے مکمل صحت یابی کی شرط پر انہیں 15 رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا تھا۔
تاہم، جمعہ کو فٹنس ٹیسٹ میں باؤلنگ کے دوران معلوم ہوا کہ وہاب ابھی تک مکمل صحت یاب نہیں ہو سکے۔
پی سی بی نے ایک بیان میں بتایا کہ سکواڈ میں بطور سٹینڈ بائے شامل ضیاء الحق ریاض کی جگہ سنبھالیں گے۔
خیال رہے کہ 20 سالہ ضیاء گزشتہ مہینے سری لنکا میں پاکستان اے کیلئے متاثر کن پرفارمنس دکھا چکے ہیں۔
پی سی بی بیان کے مطابق،ریاض نے جمعہ کو نیٹس میں باؤلنگ کی ، جس دوران انہیں ہاتھ میں تکلیف کی شکایت رہی۔ اس صورتحال میں وہ ٹیم سے دست بردار ہو گئے ۔
ریاض نے ٹوئیٹر پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا’بدقسمتی سے مجھے ہاتھ میں اب بھی معمولی درد کی شکایت ہے۔امید ہے اگلے ایک ہفتے میں مکمل فٹ ہو جاؤں گا‘۔