Dawn News Television

شائع 28 جولائ 2015 08:30pm

خورشید شاہ کا الیکشن کمیشن حکام سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کے قائد اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے عدالتی کمیشن کی رپورٹ کے بعد عمران خان کے مطالبے کو دہراتے ہوئے الیکشن کمیشن کے حکام سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

خورشید شاہ نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا عدالتی کمیشن نے ای سی پی کی کارکردگی پر سنگین شبہات پیدا کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا 2013 کے الیکشن منعقد کرانے والے ای سی پی کے حکام کا کام جاری رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رہتا۔

شاہ نے ای سی پی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ آٹھ لاکھ روپے ماہانہ تک تنخواہیں وصول کر رہے ہیں اور ایسے میں کرسیاں چھوڑنا مشکل کام ہے۔

عدالتی کمیشن کی رپورٹ کے بعد ای سی پی حکام کو چاہیے تھا کہ وہ خود ہی عہدوں کو خیر باد کہہ دیتے۔

خیال رہے کہ 2013 کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے سہ رکنی عدالتی کمیشن کی گزشتہ جمعرات کو جاری ہونے والی رپورٹ میں انتخابات کو قوانین کے تحت قرار دیتے ہوئے ای سی پی کی بدانتظامیوں اور کوتاہیوں کا ذکر کیا تھا۔

رپورٹ جاری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے عدالتی کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے ای سی پی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے حکام سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔

Read Comments