Dawn News Television

اپ ڈیٹ 03 اگست 2015 03:51pm

'منشیات فروشوں، دہشتگردوں کے روابط توڑ دیں گے'

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے منشیات فرشوں اور دہشتگردوں کے درمیان روابط کو توڑنے اور منشیات کے گھناؤنے کاروبار سے منسلک افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا ہے.

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف نے پیر کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اینٹی نارکوٹکس فورس نے آرمی چیف کو منشیات کی روک تھام اور کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ منشیات پیدا کرنے والے اور منشیات فروش قومی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ منشیات سے حاصل ہونے والی رقم دہشتگردی کے واقعات میں استعمال کی جارہی ہے۔

انھوں نے منشیات فرشوں اور دہشتگردوں کے درمیان روابط کو توڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ منشیات کے اسمگلرز اور ڈیلرز کو مستقبل کی نسلوں کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

آرمی چیف نے رواں سال اے این ایف کی جانب سے ریکارڈ منشیات ضبط کرنے پر بھی تعریف کی،جس سے ملکی اور عالمی سطح پر اس لعنت کو ختم کرنے میں مدد ملی۔

آرمی چیف کی امریکی نائب وزیر مس ہیدی گرانٹ سے ملاقات

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے امریکی نائب وزیر مس ہیدی گرانٹ نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی اور استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملک کی داخلی سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا.

جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم نوازشریف کو اپنے حالیہ دورہ اٹلی کے حوالے سے بریفنگ دی اور آپریشن ضرب عضب پر ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات میں ملک کی سلامتی سے متعلق اہم امور سمیت کراچی کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ افغانستان میں قیامِ امن سے متعلق معاملات بھی زیر بحث آئے۔

Read Comments