پاکستان

متحدہ کے استعفے ٹارگٹ کلرز کو بچانے کا حربہ قرار

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اپنے موقف کو دو جماعتوں کے استعفوں کی داستان قرار دیا ہے۔

کراچی: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے اراکین اسمبلی کی جانب سے استعفوں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے ٹارگٹ کلرز کو بچانے سے تعبیر کیا ہے.

ایم کیو ایم نے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف جاری رینجرز آپریشن میں مبینہ طور پر متحدہ کو نشانہ بنائے جانے پر بطور احتجاج سندھ اور قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ سینیٹ سے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور اپنے استعفے پیش کر دیے۔

قومی اسمبلی میں اراکین سے خطاب میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آپریشن کی آڑ میں ایم کیو ایم کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رینجرز کی کارروائیاں جانبدارانہ ہیں.

اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے لیے کراچی میں راستہ ہموار کیا جا رہا ہے اور دراصل کسی اور کے لیے بلدیاتی انتخابات کا راستہ کھولا جارہا ہے۔

تاہم اس معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے تبصرہ کرتے ہوئے اسے دو جماعتوں کے استعفوں کی داستان قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے استعفے الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کیلیے دیئے تھے جب کہ ایم کیو ایم کے استعفے ٹارگٹ کلرز کو بچانے کیلیے ہیں۔