Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اگست 2015 12:12pm

قرآن کی 'بے حرمتی' کا الزام، عارف والا میں کشیدگی

ساہیوال: صوبہ پنجاب کے ڈسٹرکٹ پاک پتن کی تحصیل عارف والا میں اُس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب محلہ مظفرآباد کے ایک شخص نے مبینہ طور پر قرآن پاک کی بے حرمتی کی.

مقامی ذرائع کے مطابق محلہ مظفرآباد کے رہائشی صابر کی بہنوں نے الزام لگایا کہ ان کے بھائی نے اپنی روٹھی ہوئی بیوی کو واپس لانے کے لیے کالا جادو کرنے والے ایک عامل کے مشورے پر قرآن پاک کے اوراق کو نذرِ آتش کیا.

ذرائع کے مطابق جلد ہی یہ خبر پورے شہر میں پھیل گئی اور لوگوں نے سڑکوں، چوراہوں اور مارکیٹوں میں ٹائر جلائے.

ذرائع کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے کراچی جانے والی فرید ایکسپریس کوبھی ریلوےاسٹیشن پرروک لیا.

پاکپتن کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) نواز سندھیلہ نے ڈان کو بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا.

عارف والا تھانے کے ایس ایچ او نثار منجھ نے اس واقعے کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا.

مقامی مارکیٹ،ریشم گلی کے ایک دکاندار میاں ارشد نے بتایا کہ واقعے کے خلاف شہر کی مارکیٹیں آج احتجاجاً بند رہیں گی۔

دوسری جانب مظاہرین (جن میں زیادہ تر کا تعلق مدارس سے ہے) اور تاجروں نے شہر کے مختلف بازار بند کروا دیئے۔

ان کا مطالبہ تھا کہ ملزم کو ان کے حوالے کردیا جائے۔

ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے شہرکے مرکزی بازاروں میں پولیس موبائلوں کا گشت جاری ہے۔

یہ بھی علم ہوا ہے کہ پولیس نے ملزم کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی سیکشن 295 ڈی کے تحت ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

Read Comments