Dawn News Television

اپ ڈیٹ 13 اگست 2015 02:24pm

سرتاج عزیز 23 اگست کو ہندوستان جائیں گے

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز ہندوستان کے ساتھ سیکیورٹی مذاکرات کے لیے 23 اگست کو نئی دہلی جائیں گے.

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران سرتاج عزیز نے رواں ماہ 23 اگست کو ہندوستان جانے کی تصدیق کی.

وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے مابین رواں برس جولائی میں روس کے شہر اوفا میں ہونے والی ملاقات میں دہشتگردی سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے دونوں ممالک کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزروں کی ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا.

تاہم اس ملاقات کے بعد عسکریت پسندوں کے متعدد حملوں اور سرحد پر کشیدگی کے واقعات نے صورتحال کو خراب کیا.

رواں ماہ کے آغاز میں ہندوستان کی جانب سے 23 اگست کو سیکیورٹی ایڈوائزروں کی ملاقات کی تجویز دی گئی تھی، تاکہ پاکستان اور ہندوستان کو درپیش دہشت گردی کے خطرات پر بات چیت کی جاسکے.

ہندوستان کی جانب سے دہشتگردی کے حوالے سے بات چیت کی تجویز 27 جولائی کو گورداس پور پر حملے کے بعد دی گئی، جس کا الزام ہندوستانی رہنماؤں نے پاکستان پر عائد کیا تھا.

ہندوستان اس ملاقات میں ممبئی حملوں کے مبینہ مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی پاکستانی عدالت سے ضمانت کے معاملے کو اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے.

جبکہ پاکستان کی جانب سے کراچی، بلوچستان اور قبائلی علاقوں میں ہندوستانی مداخلت کےمعاملات اٹھائے جائیں گے.

Read Comments