Dawn News Television

اپ ڈیٹ 14 اگست 2015 09:53am

شیخ رشید، عارف علوی کو قتل کی دھمکیاں

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ-عوامی کے سربراہ شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے جان کی دھمکی ملنے پر راولپنڈی کی لال حویلی میں عوامی مجلس منسوخ کر دی۔

شیخ رشید ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی یوم آزادی کے موقع پر پارٹی کارکنوں سےخطاب کرنے والے تھے۔ تاہم، مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی تجویز پر پروگرام منسوخ کر دیا گیا۔

شیخ رشید نے ڈان کو بتایا کہ انتظامیہ نے سالانہ تقریب میں دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کیا تھا، جس کی وجہ سے تقریب منسوخ کر دی گئی۔

’انتظامیہ نے بتایا کہ یہ وہی دہشت گرد گروپ ہے جس نے ماضی میں تین مرتبہ مجھ پر حملہ کیا‘۔

شیخ رشید کے مطابق وہ نہیں چاہتے کہ ان کے کارکنوں کی زندگیوں کو خطرہ ہو۔

ادھر، کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے بھی جان سے مارنے کی دھمکی ملنے کا انکشاف کیا ہے۔

انہوں نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کو بتایا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے اپنا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے بتاتے تھے۔

خیال رہے کہ عمران خان کی جانب سے الطاف حسین پر کراچی میں ٹارگٹ کلرز کی حمایت کرنے کے الزام کے بعد پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پچھلے کچھ عرصے سے ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہیں۔

Read Comments