Dawn News Television

شائع 17 اگست 2015 09:55am

' دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی تبدیل کی جائے'

اسلام آباد: پنجاب کے وزیرداخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی خود کش حملے میں ہلاکت کے واقعے کی وزیراعظم نواز شریف نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قومی ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل درآمد کروانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انھوں نے انسداد دہشت گردی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پہلے سے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کا پیچھا کیا جائے.

وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جاری حکمت عملی کو تبدیل کرنے اور ایک احتیاطی آپریشنل طریقہ کار اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے.

وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا کہ ریٹائرڈ کرنل شجاع خانزادہ کی ہمت اور بہادری دہشت گردی کے حملوں کے ماسٹر مائنڈ کی شکست کے لیے ایک پیغام ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر داخلہ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے ’سیکیورٹی ایجنسیز کو ہدایات کی ہے کہ وہ ذمہ داران کو تلاش کرنے میں مدد کرے۔‘

ان کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمے کے ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔

فوجی سربراہ نے حملے میں ہلاک ہونے والے وزیرداخلہ، جو کہ سابق فوجی افسر بھی تھے، کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’شجاع خانزادہ ایک اچھے افسر تھے جنھوں ںے اپنی جان پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے میں قربان کردی، جو رائیگاں نہیں جائے گی۔‘

صدر ممنون حسین نے بھی دہشت گردی کے خلاف شجاع خانزادہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ قوم ہمیشہ مرحوم وزیر داخلہ کی خدمات یاد رکھے گی۔

ادھر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما سید خورشید شاہ اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے شجاع خانزادہ کی ہلاکت کو قومی سانحہ قرار دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ عباسی، سینیٹ چیئرمین رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شجاع خانزادہ کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔

Read Comments