Dawn News Television

اپ ڈیٹ 18 اگست 2015 11:50am

'ریحام اب پی ٹی آئی تقریبات میں شریک نہیں ہوں گی'

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ ریحام خان آئندہ پی ٹی آئی کی کسی تقریب یا فنکشن میں شرکت نہیں کریں گی اور نہ ہی انھیں پارٹی میں کوئی عہدہ دیا جائے گا.

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی امیدوار عامر زمان کی انتخابی مہم کے دوران ریحام خان ہری پور گئیں جہاں انھوں نے ایک جلسے سے خطاب بھی کیا، اس بات پر پی ٹی آئی چیئرمین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جنھوں نے خاندانی/ موروثی سیاست کے خاتمے کا نعرہ لگا رکھا ہے۔

مزید پڑھیں:ریحام خان کا تحریک انصاف کا بائیکاٹ!

اسی تنقید کا جواب دینے کے لیے عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کاسہارا لیا اور اپنی متدد ٹوئیٹس میں ریحام خان کی سیاست میں انٹری کے الزامات پر بظاہر برہمی کا اظہار کیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا کہ این اے 19 کے ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد ریحام خان پر تنقید پر وہ سخت نالاں ہیں، حالاں کہ ریحام نے صرف پارٹی کارکنوں خصوصاً خواتین کے مسلسل اصرار پر جلسوں میں شرکت کی،

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر قسم کی اقربا پروری کے خلاف ہے، ریحام خان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر الیکشن نہیں لڑیں گی، ان کو خیبر پختونخوا حکومت یا پارٹی میں کوئی عہدہ بھی نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی انھیں کسی قسم کا سرکاری پروٹوکول دیا جائے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ریحام خان پہلے ہی اسٹریٹ چلڈرن کی فلاح وبہبود کے ساتھ ساتھ کئی محاذوں پر کام کررہی ہیں، وہ آئندہ تحریک انصاف کے کسی فنکشن یا تقریب میں شرکت نہیں کریں گی۔

رواں برس اپریل میں کراچی کے حلقے این اے 246 میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار عمران اسماعیل کی انتخابی مہم کے لیے بھی ریحام خان ،عمران خان کے ہمراہ کراچی آئی تھیں، اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ "ریحام خان این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں میرے کہنے پر کراچی گئیں، کیوں کہ ہم چاہتے تھے کہ خواتین ووٹرز ڈر چھوڑ کر ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلیں"۔

ریحام خان کا ردعمل

عمران خان کی "سیریز آف ٹوئیٹس" کے ردعمل میں ان کی اہلیہ ریحام خان نے بھی ٹوئٹر کا سہارا لیا اور اپنے شوہر کے سیاسی مقاصد کی حمایت کی۔

ریحام خان نے لکھا کہ کہ وہ ان لوگوں کے ساتھ الیکشن نہیں لڑنا چاہتیں جنھوں نے پاکستان کو کسی بھی طرح سے بہتر نہیں بنایا۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان سے شادی سے طویل عرصہ قبل ہی وہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی دعوت کو مسترد کرچکی تھیں۔

عمران اور ریحام خان رواں برس جنوری میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، صحافت سے وابستہ ہونے کی بناء پر ریحام خان کا میڈیا سےرشتہ تو کافی پرانا ہے تاہم گذشتہ دنوں پی ٹی آئی کی کچھ تقاریب میں شرکت نے لوگوں کے ذہنوں میں اس تاثر کو جنم دیا کہ شاید ریحام خان اب سیاست کے میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں،تاہم عمران خان نے اس تاثر کو مسترد کردیا ہے۔

Read Comments