پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا قیام
اسلام آباد: کراچی، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک ایکسچینجز کو ضم کرکے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام کے لیے معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کی تینوں اسٹاک ایکسچینجز کو ضم کرکے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام کے لیے ایم او یو پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد مسلم لیگ نواز کا پہلا ہدف ملک کو نادہندگی سے بچانا جبکہ دوسرا معیشت کی بحالی تھا۔
انھوں نے کہا کہ کسی بھی عہدے کے لیے اہل افراد کا تقرر کرنا ترجیحات میں شامل ہے اسی لیے چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کا تقرر آسان کام نہیں تھا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ جلد ہی پاکستان کا شمار اُبھرتی ہوئی معیشتوں میں ہوگا اور رواں سال ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔
وزیر خزانہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سخت محنت اور جامع پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ 20 دسمبر 2017 تک 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کردی جائے۔