Dawn News Television

شائع 28 اگست 2015 02:49pm

عثمان معظم ایک ماہ بعد عدالت میں پیش

کراچی: رینجرز نے پاسبان پاکستان کے سیکریٹری جنرل عثمان معظم کو ایک ماہ بعد عدالت میں پیش کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق عثمان معظم کو کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

رینجرز نے عدالت سے 90 روز کے ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے پاسبان کے رہنما پر دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے الزامات عائد کیے۔

یہ بھی پڑھیں : رینجرز کی کارروائی، پاسبان کے عثمان معظم گرفتار

عدالت نے رینجرز کی درخواست منظور کرتے ہوئے عثمان معظم کو 90 روز کے لیے تحویل میں دے دیا۔

خیال رہے کہ عثمان معظم کو ایک ماہ قبل 20 جولائی کو ان کے گھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔

عثمان معظم کی اہلیہ نے بتایا تھا کہ ان کے گھر اچانک رینجرز کے 20، 25 اہلکار دروازہ توڑ کر میں داخل ہوئے اور کوئی وجہ بتائے بغیر ایک گھنٹے تک گھر کی تلاشی لیتے رہے۔

مزید پڑھیں : عثمان معظم کی گرفتاری، تصدیق نہ ہو سکی

عثمان معظم کے صاحبزادوں کو بھی مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا تھا مگر ان کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ عثمان معظم پاسبان کے جنرل سیکریٹری ہیں، جبکہ انہوں نے کراچی کے حلقہ این اے–246 سے الیکشن بھی لڑا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : این اے 246: عثمان معظم بھی امیدوار

یاد رہے کہ پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکور نے کراچی پریس کلب میں عثمان معظم کی اہلیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاسبان نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کی ہے اور اس جرم کی پاداش میں پاسبان کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور یہ کراچی کو مستقبل کی مخلص اور دیانتدار لیڈرشپ سے محروم کرنے کی ایک گہری سازش ہے۔

Read Comments