Dawn News Television

اپ ڈیٹ 31 اگست 2015 11:56pm

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق حکومت نے عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل نہیں کیا اور پیٹرولیم مصنوعات پر دس ارب روپے کااضافی ٹیکس عائد کردیا جس کے بعد پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل صرف تین تین روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سات روپے 60 پسے ، پیٹرول کی قیمت میں چھ روپے 14 پیسے فی لیٹر کمی ہونا تھی تاہم تین روپے تک ہی کمی کی گئی۔

تین روپے کمی کے بعد ہائی اسپڈ ڈیزل کی نئی قیمت 82.05 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت 73.76 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں بھی تین روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔

مٹی کے تیل کی نئی قیمت 57 روپے گیارہ پیسے، لائٹ ڈیزل 53 روپے 59 پیسے اور ہائی اوکٹین کی نئی قیمت 79 روپے 79 پیسے ہوگئی ہے۔

گزشتہ ماہ بھی پٹرول کی قیمت میں ایک روپے تین پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں چار روپے 83 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں چار روپے 92 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے چھ پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ ملک میں ہائی اسپیڈ ڈیزل اور پیٹرول سے تیل کے سیکٹر میں سب سے زیادہ منافع کمایا جاتا ہے۔

سی این جی کی قیمتوں میں کمی

پنجاب اور سندھ کیلئے سی این جی چار روپے فی کلو جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کیلئے سی این جی 53 پیسے فی کلو سستی کر دی گئی ہے۔

اوگرا نے سی این جی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب اور سندھ کے لئے سی این جی کی نئی قیمت 67 روپے پچاس پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے جبکہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کیلئےنئی قیمت 75 روپے 82 پیسے فی کلو مقرر کی گئی ہے ۔

سی این جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔

گیس کی قیمتوں میں اضافہ

ادھر حکومت نے یکم ستمبر سے گیس بھی 13تا 63فیصد مہنگی کردی ہے۔

وفاقی حکومت کی ایڈوائس پر اوگرا نے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

گھریلو صارفین کی تیسری کیٹیگری کے لیے گیس 13 فیصد، کمرشل صارفین کیلئے 10 فیصد اور صنعتی صارفین کے لیے گیس 22 فیصد مہنگی کی گئی ہے، پاور سیکٹر کے لیے گیس 22 فیصداورفرٹیلائزر سیکٹر کے لیے گیس 63 فیصد مہنگی کر دی گئی۔

گیس کے نرخوں میں اضافے کا اطلاق یکم ستمبر سے کیا گیا ہے۔

Read Comments