Dawn News Television

شائع 31 اگست 2015 10:41pm

الیکشن کمیشن اراکین کا مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے اراکین نے اپوزیشن جماعتوں کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ معاملہ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہونے والے ایک اجلاس میں زیربحث آیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سپریم جوڈیشل کونسل میں آئین پاکستان کی شق 209 کے تحت ایک ریفرنس الیکشن کمیشن کے اراکین کے خلاف دائر کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ریفرنس کو دیکھتے ہوئے ای سی پی کے اراکین نے اپوزیشن کے مطالبے پر کوئی فیصلہ نہ کرنے اور مجاز اتھارٹی کے کسی فیصلے تک انتظار کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ ہفتے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اراکین نے استعفے نہ دیئے تو چار اکتوبر کو اسلام آباد میں ای سی پی کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

لاہور میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اکیس سیاسی جماعتوں کی جانب سے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کے دعوﺅں کے بعد ای سی پی اراکین کا اپنے عہدوں پر رہنا جواز نہیں رکھتا۔

اس سے قبل اگست میں ہی ایک پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا تھا کہ ای سی پی کے صوبائی حکام کے پاس کوئی قانونی یا اخلاقی جواز نہیں رہا اور انہیں فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کو چھپانے کے حوالے سے نادرا کے چیئرمین کو بھی استعفی دینا چاہئے۔

Read Comments