Dawn News Television

اپ ڈیٹ 04 ستمبر 2015 03:33pm

'کراچی الگ صوبہ نہیں بن سکتا'

ڈھرکی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی الگ صوبہ نہیں بن سکتا، اور اس کو سندھ سے الگ نہیں کر سکتے۔

اندرون سندھ کے دورے پر ڈہرکی سے خالد آباد پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین اور آصف زرداری عوام کو تقسیم کرکے حکومت کر رہے ہیں، لوگوں کو زبان کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا اسی نفرت کی بنیاد پر الطاف حسین اور آصف زرداری نے ووٹ لیے۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ سندھ میں اب تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا، اقتدارلوگوں کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرون سندھ میں جو غربت ہے وہ پورے ملک میں کہیں نہیں، سندھ میں ہاریوں اور جانوروں کا حال ایک جیسا ہے، سندھ کے لوگ غلام کی طرح ہیں،ان کے پاس کوئی اختیارات نہیں، بیورو کریٹس کرپشن کے مقدمات میں ضمانت پر ہیں،سندھ کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں، تحریک انصاف سندھ کو اس کے حقوق دلوائے گی اور لوگوں کو بااختیار بنا کر اقتدار نچلی سطح تک منتقل کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے ذریعے 40 ہزار افراد منتخب ہوئے ہیں جبکہ صوبے کی آبادی 2 کرور 20 لاکھ ہے، پنجاب کی آباد 12 کروڑ کے قریب ہے اور وہاں 50 ہزار افراد منتخب ہوں گے، خیبر پختونخوا میں 30 فیصد ترقیاتی فنڈ بلدیاتی ادارے خرچ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل بہت برا دیکھ رہا ہوں کیونکہ پی پی پی سے امیدیں لگائی ہوئی تھیں لیکن آصف علی زرداری نے پارٹی کو وہ نقصان پہنچایا جو کوئی فوجی آمر بھی نہیں پہنچا سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں عوام رینجرز سے اس لیے خوش ہیں کیونکہ ایک تو امن قائم ہو گیا ہے جبکہ پہلی بار کوئی بڑے کرپٹ لوگوں کے پیچھے کوئی جا رہا ہے حالاں کہ کرپشن کے خلاف کام سیاستدانوں کو کرنا چاہیے۔

وزیر اعظم کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے کرپشن کیسز کو آصف زرداری نے 5 سال تک ہاتھ نہیں لگایا، اب جب نواز شریف کی باری آئی تو وہ اپنی زبان سے ہٹ گئے اور وہ زرداری کے پیچھے پڑ گئے، اسی لیے تو آصف زرداری شور کر رہے ہیں۔

Read Comments