Dawn News Television

شائع 07 ستمبر 2015 10:28pm

شہادت حسین پر خادمہ پر تشدد کا الزام

ڈھاکا: بنگلہ دیشی پولیس نے پیر کے روز کہا کہ مبینہ طور پر 11 سالہ خادمہ پر تشدد کے الزام میں قومی کرکٹر شہادت حسین کو گرفتار کرنے کے لیے تلاش کیا جارہا ہے۔

پولیس انسپکٹر انور حسین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ خادمہ کی آنکھوں اور جسم کے دیگر حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں اور انہیں سڑک پر روتے ہوئے دیکھا گیا جس کے بعد ریسکیو کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ خادمہ نے انہیں بتایا ہے کہ وہ کرکٹر شہادت حسین کے گھر کام کرتی تھیں اور کرکٹر اور ان کی اہلیہ نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے انہیں طبی امداد کے لیے ڈھاکا ہسپتال بھیج دیا ہے جبکہ تشدد کے جرم میں کرکٹر اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مقامی پولیس افسر تنویر نے بتایا کہ اتوار کی رات شہادت حسین کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ وہاں موجود نہیں تھے جبکہ آج بھی ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

Read Comments