Dawn News Television

شائع 09 اکتوبر 2015 05:18pm

بلوچستان: حکمران جماعت کے رہنما کی 'ٹارگٹ کلنگ'

تربت: بلوچستان کے ضلع تربت میں مسلح افراد نے صوبے کی حکمران جماعت نیشنل پارٹی (این پی) کے مقامی رہنما محمد علی بلوچ کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔

لیویز ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان نے محمد علی بلوچ کو تحصیل تمپ کے علاقے بالیچا میں ان کی رہائش گاہ کے باہر نشانہ بنایا۔

ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر محمد علی بلوچ کی لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبد المالک بلوچ کے ترجمان جان محمد بلیدی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبے کا امن خراب کرنے کے لیے اسے سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ محمد علی بلوچ ہماری جماعت کے مقامی منتظم اور اہم رکن تھے جن کی ہلاکت پر نیشنل پارٹی 3 روز سوگ منائی گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو محمد علی بلوچ کے قاتلوں کو گرفتار کرنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

Read Comments