Dawn News Television

شائع 13 اکتوبر 2015 03:50pm

سندھ میں گیس کے نئے ذخائر دریافت

ویانا: آسٹریا کی آئل اینڈ گیس کمپنی (او ایم وی) نے سندھ کے لطیف ایکسپلوریشن بلاک میں قدرتی گیس کے نئے ذخائر دریافت کرلیے۔

کمپنی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ قدرتی گیس لطیف ساؤتھ ون کے ایک کنویں میں دریافت کی گئی جس کی مقدار ڈھائی ہزار بیرل خام تیل کے مساوی ہے۔

کمپنی نے اس دریافت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

او ایم وی کمپنی کے بورڈ ممبر اور ایکسپلوریشن اور پروڈکشن انچارج جان پلیننگر نے اپنے بیان میں کہا کہ قدرتی گیس کی یہ دریافت کو قابل استعمال بنا کر ہم پاکستان میں گیس کی پیداوار کو مزید بہتر بناسکیں گے۔

آسٹریا کی کمپنی او ایم وی 1991 سے سندھ میں تیل و گیس کی تلاش میں مصروف ہے جبکہ یہ ساون، لطیف، تاجل اور مہر گیس فیلڈ میں قدرتی گیس نکال کر انہیں سپلائی کر رہی ہے۔

لطیف گیس فیلڈ میں اس کا حصہ 33 اعشاریہ 4 فیصد ہے جبکہ دیگر حصہ داروں میں پاکستان پیٹرولیم کمپنی اور اٹلی کا توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے والا گروپ ’انی‘ شامل ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بجلی کے ساتھ ساتھ رواں سال سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا بھی آغاز ہوچکا ہے جس سے بجلی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

Read Comments