Dawn News Television

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2015 02:22pm

جنرل جنجوعہ کو سیکیورٹی مشیر بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: باوثوق ذرائع نے ڈان کو بتایا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو جلد قومی سلامتی کا مشیر (نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر) مقرر کردیا جائے گا تاہم سرتاج عزیز وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کو سلامتی کا مشیر بنانے کا اصولی فیصلہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹی فکیشن وزیر اعظم کے دورہ امریکا سے واپسی پر جاری ہونے کا امکان ہے۔

ناصر خان جنجوعہ پیپلز پارٹی کے آخری دور حکومت میں میجر جنرل (ر) محمود درانی کے بعد فوج سے تعلق رکھنے والے وہ دوسرے شخص ہوں گے جو سلامتی کے مشیر کا منصب سنبھالیں گے۔

یہ بات واضح نہیں ہوسکی سرتاج عزیز سے یہ منصب واپس لینے کا فیصلہ کیوں کیا گیا تاہم کچھ فوجی ذرائع یہ قیاس آرائی کر رہے ہیں کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ سرتاج عزیز اپنی پوری توجہ خارجہ امور پر مبذول کرسکیں۔

نیا منصب سنبھالنے کے بعد ناصر جنجوعہ کا آفس دفتر خارجہ کی عمارت میں ہوگا۔

ناصر جنجوعہ کی بطور سیکیورٹی ایڈوائزر تقرری پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات میں حالیہ کشیدگی اور ہندوستان کی جانب سے مشیروں کی سطح پر مذاکرات منسوخ کیے جانے کے بعد عمل میں آرہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ رواں ماہ ریٹائر ہونے سے قبل کمانڈر سدرن کمانڈ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔

اس سے قبل وہ پاک فوج کے اعلیٰ تعلیمی ادارے اور سیکیورٹی تھنک ٹینک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔

Read Comments