افغانستان کرکٹ کا نیا عالمی ریکارڈ
افغانستان نے بطور آئی سی سی ایسوسی ایٹ رکن ملک، ٹیسٹ نیشن زمبابوےکو ون ڈے سیریز میں شکست دے دی۔
بلاوایو: افغانستان نے بطور آئی سی سی کے ایسوسی ایٹ رکن ملک، ٹیسٹ نیشن زمبابوے کو ون ڈے سیریز میں 2-3 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
ہفتہ کو یہاں کھیلے گئے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں افغانستان نے زمبابوے کو 246 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم45ویں اوور میں 172رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوےکے سین ولیمز کی تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنائی 102رنز کی اننگ بھی ٹیم کے کام نہیں آسکی۔
افغان فاسٹ باؤلر دولت زیدران نے 22رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل، افغانستان نے اوپنر نورعلی کے 54 اور پہلے میچ میں سنچری بنانے والے کپتان محمد نبی کے 53 رنز کی مدد سے نو وکٹوں پر 245 رنز بنائے۔
افغان بیٹسمین سیمع اللہ شنواری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہاکہ "ہمارے لڑکوں نے بہترین کرکٹ کھیلی، ہم نے تاریخ رقم کی ہے جس پر سب کو مبارک ہو۔'