Dawn News Television

شائع 28 اکتوبر 2015 06:20pm

ٹرانسپورٹ ایپ ’اوبر‘ پاکستان آنے کیلئے تیار

لاہور:دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ سروس کی مشہور ایپلی کیشن اوبراب پاکستان میں اپنی خدمات فراہم کرنے جا رہی ہے۔

اوبر کی ویب سائٹ پر پاکستان میں ملازمتوں کیلئے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ کے کیریئر صفحہ پر لاہور میں جنرل مینیجر، مارکیٹنگ مینیجر، اور آپریشنز اور لاجسٹک مینیجر کی جگہ موجود ہے۔

مشرق وسطی اور افریقہ کیلئے سینئر ایسوسی ایٹ کمیونیکیشنز شاہ دین عبدالطیف نے ویلیو واک نامی ویب سائٹ کیلئے ای میل پر اس خبر کی تصدیق کی۔

’ہم لاہور میں ٹیم بنانے کیلئے ملازمتوں کی تصدیق کرتے ہیں۔ ہم پاکستان میں کام کرنے کیلئے بہت پرجوش ہیں یہاں لوگوں کو ان کے شہر میں محفوظ اور قابل بھروسہ سروس فراہم کرنے کے بے پناہ مواقع ہیں‘۔

اوبر 50 ارب ڈالرز کی مارکیٹ ویلیو کے ساتھ سیلیکون ویلی کی سب سے قابل بھروسہ سٹارٹ اپ ہے۔

کمپنی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق، اوبر دنیا کے 340 شہروں میں روزانہ تیس لاکھ لوگوں کو سفر کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

اوبر از خود ڈرائیورز کو ملازمت پر نہیں رکھتی یا گاڑیاں نہیں خریدتی بلکہ اس کا انحصارگاڑیاں رکھنے والے لائسنس یافتہ نان پروفیشنل ٹھیکہ داروں پر ہوتا ہے۔

ٹیکسی کی بکنگ یا سڑک پر ٹیکسی ڈھونڈنے کے بجائے اوبر ایپ استعمال کرنے والے صارفین اپنا اکاؤنٹ بنانے کے بعد اپنے سمارٹ فونز پر محض دو سوائپس کی مدد سے اوبر کار منگوا سکتے ہیں۔

ٹیکسی ڈرائیوروں کے خیال میں اوبر کی وجہ سے انہیں غیر منصفانہ مسابقت کا سامنا ہے کیونکہ اوبر ڈرائیوروں پر وہ قوانین اور پابندیاں لاگو نہیں ہوتیں جو پروفیشنل ٹیکسی ڈرائیور پرہوتی ہیں۔

Read Comments