کھیل

'گریٹ پاکستان کیلئے کامیاب غیر ملکی دورے ضروری'

انگلینڈ کے خلاف فتح کو بھلاکر اب آگے آنے والے چلنجز پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، ٹیسٹ کپتان مصباح الحق۔

شارجہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز میں دو-صفر سے فتح کو بھلاکر آگے آنے والے چیلنجز کی تیاری کرنے پر زور دیا۔

اس یادگار کامیابی کے بعد پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر دو پر آگیا ہے تاہم مصباح کا کہنا ہے کہ گرین شرٹس کو عظیم ٹیم بننے کے لیے غیر ملکی دوروں پر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آئندہ سال جولائی میں دورہ انگلینڈ اور پھر نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے پر مصباح کا کہنا تھا کہ 'ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج دیگر ممالک میں جاکر کھیلنا ہوگا جس کے لیے ہمیں تیاری کرنا پڑے گی۔'

انہوں نے کہا کہ ہمیں فی الحال اپنی توجہ دورہ انگلینڈ پر مرکوز رکھنی چاہیے۔

'ہم نے انگلینڈ کے خلاف ایک بڑی اور اطمینان بخش کامیابی حاصل کرلی ہے تاہم اب ہمیں اسے بھولنا ہوگا اور آگے آنے والے مشکل دوروں کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔'

ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ پر پاکستانی کپتان کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے کافی باتیں ہورہی ہیں لیکن اس وقت میں اس بارے میں کچھ یقین سے نہیں کہہ سکتا، میرے پاس اس حوالے سے سوچنے کے لیے وقت ہے۔'

تاہم مصباح نے اعتراف کیا کہ اگلی سیریز تک اپنے آپ کو کھیل کے حوالے سے موٹیویٹ رکھنا ایک مشکل کام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چھ سے آٹھ ماہ تک مسابقتی کرکٹ سے دور رہنے کے بعد دنیا کے کچھ بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کھیلنا آسان نہیں ہوگا۔

پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف فتح پر مصباح کا کہنا تھا کہ جیت میں آخری ٹیسٹ کھیلنے والے شعیب ملک اور یاسر شاہ نے کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے اس موقع پر انگلینڈ کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تینوں ٹیسٹ میچوں میں بھرپور مقابلہ کیا۔

خیال رہے کہ اس ٹیسٹ سیریز میں فتح کے بعد پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا آغاز گیارہ نومبر سے ابو ظہبی میں ہوگا۔