پاکستان

کوئٹہ میں فائرنگ سے ہزارہ برادری کے 2 افراد ہلاک

مسلح حملہ آوروں نے اسپینی روڈ پر 1 گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

کوئٹہ : بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں مسلح افراد نے ہفتہ کی شام فائرنگ کرکے ہزاری برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو ہلاک کردیا۔

ایک پولیس عہدیدار نے بتایا " مسلح حملہ آوروں نے کوئٹہ کی اسپینی روڈ پر ایک گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہوگئے"۔

پولیس عہدیدار نے مزید بتایا کہ حملے میں ایک شخص جائے واردات پر ہی ہلاک ہوا جبکہ دوسرے نے طبی امداد کے دوران دم توڑا۔

اس نے بتایا "ہلاک ہونے والے دونوں افراد ہزارہ برادری سے تعلق رکھتے تھے اور ہزارہ ٹاﺅن کے رہائشی تھے"۔

نامعلوم حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور ابتدائی تفتیش شروع کردی۔

پولیس عہدیدار نے بتایا " یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے"۔

اب تک اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع قلات سے دو لاشیں دریافت ہوئی ہیں۔

ایک لیوی عہدیدار نے بتایا " دونوں لاشیں خضدار کی تحصیل نال میں دریافت ہوئیں"۔

عہدیدار نے مزید بتایا کہ ہلاک شدگان کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی اور دونوں کے جسموں پر کئی گولیوں کے زخم ہیں۔