Dawn News Television

شائع 08 نومبر 2015 04:39pm

فیاض الحسن کی عمران خان کیلئے قرآن پر قسم کی ویڈیو...

راولپنڈی : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے برطرف رہنما فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ ان کو شیخ رشید احمد کے کہنے پر عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

صرف 5 ماہ قبل ہی آرگنائزر بنایا گیا تھا

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے این اے-56 کے آرگنائزر فیاض الحسن چوہان کو 3 روز قبل برطرف کیا گیا تھا جبکہ ان پر بلدیاتی انتخابات میں امیدواروں میں ٹکٹ کی غیر منصصفانہ تقسیم کا الزام تھا۔

ذرائع کے مطابق فیاض الحسن چوہان پر الزام تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کیے ہیں۔

پی ٹی آئی کے برطرف رہنماء فیاض چوہان نے ایک ویڈیو پیغام میں عمران کان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی ہے۔

سوشل میڈیا پر موجود وڈیو پیغام میں تحریک انصاف کے رہنماء نے قرآن پر حلف اٹھا کر الزامات مسترد کیے جبکہ انہوں نے یہ قسم بھی کھائی کہ اگر انہوں نے امیدواروں سے کسی بھی قسم کے پیسے لینے کا سوچا بھی ہو تو ان کا ان کی دونوں بیویوں سے نکاح بھی ٹوٹ جائے۔

فیاض الحسن نے مزید کہا کہ عمران خان نے انہیں سنے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا۔

تحریک انصاف کے رہنماء نے الزام عائد کیا کہ یہ تمام کارروائی شیخ رشید احمد کی ایماء پر کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملنے کا موقع دیا تو سب واضح کردیں گے۔

فیاض الحسن چوہان کا دعویٰ تھا کہ شیخ رشید احمد تحریک انصاف کو تباہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ این اے 56 راولپنڈی سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔

واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان 2002 سے 2007 تک متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔

فیاض الحسن تحریک انصاف کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات بھی ہیں۔

Read Comments