کھیل

ہیلز نے خصوصی ٹریننگ سے یاسر شاہ پر قابو پایا

انگلش اوپنر نے بتایا کہ انہیں گزشتہ پانچ، چھ ہفتوں کے دوران نیٹس میں سپن کھیلنے کا بہت وقت ملا.

ابو ظہبی: اوپنر الیکس ہیلز نے امید ظاہر کی ہے کہ دو سرے ون ڈے میچ میں ان کی سینچری سے انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف سیریز جیتنے کا حوصلہ ملے گا۔

جمعہ کو ابو ظہبی ون ڈے میں پہلی سینچری سکور والے ہیلز کو پاکستان کے خلاف جیت میں اپنا حصہ ڈالنےپر انہیں خاص خوشی ہو رہی ہے۔

ہیلز کے مطابق، انگلینڈ نے اپنی پوری توجہ چار میچوں کی ون ڈ ے سیریز جیتنے پر مرکوز کر رکھی ہے۔ دو میچوں کے بعد سیریز1-1 سے برابر ہے جبکہ اگلے دو مقابلے منگل کو شارجہ اور جمعہ کو دبئی میں شیڈول ہیں۔

ہیلز نے کہا’ میرا ذہن اس وقت پاکستان کے خلاف صرف اورصرف اگلے دو میچ اور یہ سیریز جیتنے کی کوشش کرنے پر مرکوز ہے‘۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں موقع نہ پانے والے ہیلز نے بتایا کہ ستمبر میں گھر پر آسٹریلیا کے خلاف خراب پرفارمنس پر وہ مایوس ہوئے۔’یقیناً مجھے آسٹریلیا سیریز پر بہت مایوسی ہوئی۔ پھر یہاں آنا اور ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہونا میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں تھا‘۔

’مجھے کنڈیشنز سے مانوس ہونے کیلئے پانچ سے چھ ہفتے کا وقت ملا۔ اس دوران نیٹس میں مجھے سپن کھیلنے کا بہت ٹائم ملا اور مجھے خوشی ہے کہ اس کے نتائج سامنے آ گئے‘۔

سینچری سکور کرنے کے بعد ہیلز اگلے مہینے جنوبی افریقہ دورے پر ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے پر امید ہیں۔ ’میں فی الحال اس حوالے سے بہت زیادہ نہیں سوچ رہا۔ وہ دورہ ایک مختلف ملک کے خلاف مختلف سیریز ہے‘۔

دوسری جانب، پاکستانی کپتان اظہر علی نے بتایا کہ ون ڈے سیریز میں 0-1 کی سبقت ملنے پر گرین شرٹس ریلکس نہیں ہوئی تھی۔

’ہم سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مجھےیقین ہے کہ لڑکے فائٹ بیک کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے کیونکہ ہم سیریز جیتنے کے خواہش مند ہیں‘۔