Dawn News Television

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2015 07:27pm

بیٹی کا ن لیگ کو ووٹ، پی ٹی آئی کی شیریں مزاری کا دفاع

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیریں مزاری نے اسلام آبا د میں بلدیاتی الیکشن میں اپنی بیٹی کی جانب سے حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نون کو ووٹ دینے پر تنقید کو مسترد کر دیا ہے ۔

شیریں کی بیٹی ایمان حاضر نے ٹوئٹر پر بتایا تھا کہ انہوں نے اقلیتوں اور ن لیگ کو ووٹ دیا ہے۔ اس پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دونوں ماں بیٹی کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

مزاری نے ٹوئٹر پر اپنا اور بیٹی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے تعلق ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ان کا پورا خاندان اسی جماعت کو ووٹ دینے کا پابند ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا مطلب آزادانہ اظہار رائے ہوتا ہے۔

یہ پہلی مرتبہ نہیں جب ایمان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سے قبل رواں مہینے انہوں نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے حق میں ٹوئٹس کی تھیں۔

ایمان کا کہنا تھا کہ وہ ن لیگ کوتنقید کا نشانہ بھی بناتی ہیں لیکن جواب میں کبھی ان کی تضحیک نہیں کی گئی۔

Read Comments