Dawn News Television

شائع 01 دسمبر 2015 09:22pm

واٹس ایپ ٹیلی گرام کے لنکس بلاک کرنے لگی

فیس بک کی میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ نے اپنی حریف سروس ٹیلی گرام کے لنکس کو بلاک کرنا شروع کردیا۔

اس بات کا انکشاف ایک رپورٹ میں سامنے آیا ہے جس کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے ٹیلی گرام سے متعلق ہر طرح کے لنکس کو بلاک کیا جارہا ہے۔

واٹس ایپ صارفین ٹیلی گرام کے ایڈریسز تو دیکھ سکتے ہیں مگر وہ ان پر کلک یا کاپی نہیں کرسکتے۔

اس وقت اگرچہ بہت کم افراد نے اس چیز کا نوٹس لیا ہے مگر ٹیلی گرام کے مطابق ایسا ہورہا ہے۔

فیس بک نے اب تک اس حوالے سے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے جبکہ ٹیلی گرام نے کہا ہے کہ فیس بک کی جانب سے اس بلاک کے عمل کا اعتراف کرنے کی بجائے اسے ہماری سروس کی ' انٹیلی جنٹ فلٹرنگ' کے عمل میں غلطی قرار دیا جائے گا۔

اس حوالے سے ابھی حتمی طور پر کچھ کہنا تو ممکن نہیں مگر یہ واضح ہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے ٹیلی گرام کے لنکس پر عجیب رویے کا اظہار کیا جارہا ہے۔

Read Comments