سندھ: انسداد دہشت گردی کی مزید30 عدالتوں کی منظوری
کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بالخصوص کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مزید 30 انسداد دہشت گردی کی عدالتیں قائم کرنے کی اجازت دے دی۔
وزیر اعلی کے مشیر برائے اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے بدھ کو صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پولیس فورس کو مضبوط بنانے کیلئے آٹھ ہزار اہلکار بھرتی اور کراچی اور صوبے میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
'پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز یا فوج کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں ہوا'
چانڈیو نے بتایا کہ حکومت نے کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنوں پر رینجرز یافوج کی تعیناتی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا اور حکومت اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا عمل درآمد کیا جائے گا۔
’الیکشن کے دوران اگر سیکیورٹی کے مسائل پیدا ہوئے تو رینجرز کو پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی‘۔
آج وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کی سربراہی میں ہونے والے اپیکس اجلاس کے آغاز پر گزشتہ روز مسلح افراد کے حملے میں ہلاک ہونے والے دو ملٹری پولیس کے اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل بلال اکبر، کور ہیڈ کواٹرز کے ایک نمائندے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔
ڈی جی رینجرز اور سندھ کے آئی جی غلام حیدر جمالی نے اجلاس کے دوران کراچی آپریشن اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی۔