آئی فون سکس سی جلد سامنے آنے کا امکان
ایپل کی جانب سے آئندہ سال کے شروع میں ایک چھوٹے سائز کے آئی فون کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
کیا آپ اے نائن پروسیسر، رنگارنگ میٹل کیس اور کچھ چھوٹے ڈسپلے کے ساتھ آئی فون چاہتے ہیں ؟ تو اچھی خبر یہ ہے کہ جنوری یا فروری میں ایپل کی ایسی نئی ڈیوائس سامنے آنے کا امکان ہے۔
ایپل کی جانب سے 2016 کے شروع میں 4 انچ اسکرین کے ساتھ آئی فون سکس سی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جس میں آئی فون سکس ایس والا اے نائن پروسیسر، ایپل پے کے لیے این ایف سی سپورٹ، میٹل کیس وہ بھی مختلف رنگوں میں اور سب سے اہم بات اس کی قیمت کافی کم ہوگی۔
یہ فون ایپل کے پلاسٹک کے فائیو سی اسمارٹ فون کے متبادل کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔
اس میں ایپل کے آئی فون سکس ایس کا تھری ڈی ٹچ کا فیچر تو نہیں ہوگا تاہم اس کے کئی بہترین فیچرز کو اس کا حصہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ابھی تک اس کی قیمت کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں.
خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے اپنا مرکزی آئی فون کا نیا ماڈل ستمبر کے مہینے میں متعارف کرایا جاتا ہے تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران چھوٹی اسکرین کے سستے ماڈلز بھی ترقی پذیر ممالک کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔
اس سے پہلے آئی فون فائیو سی کو پیش کیا گیا تھا تاہم وہ زیادہ مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔