بین اسٹوکس نے کئی عالمی ریکارڈ توڑ دیے
کیپ ٹاؤن: انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے جنوبی افریقی باؤلنگ اٹیک کو تختہ مشق بناتے ہوئے انگلینڈ کیلئے تیز ترین جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
کیپ ٹاؤن میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بین اسٹوکس اور جونی بیئراسٹو نے ڈیل اسٹین اور ورنن فلینڈر سے محروم جنوبی افریقی باؤلنگ اٹیک کی درگت بناتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔
میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 317 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگ دوبارہ شروع کی تو اسٹوک اور بیئر اسٹو وکٹ پر موجود تھے اور پہلے ہی چھٹی وکٹ کیلئے 94 رنز جوڑ چکے تھے۔
میچ کے دوسرے دن جہاں ایک طرف انگلش بلے بازوں نے اپنی بہترین بیٹنگ سے حریف باؤلنگ اٹیک کو بے اثر بنایا تو ساتھ ساتھ جنوبی افریقی فیلڈرز نے بھی متعدد کیچز گرا کر ان کا ساتھ نبھانے کا کوئی موقع سے ہاتھ سے جانے نہ دیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے چھٹی وکٹ کیلئے 399 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کر کے چھٹی وکٹ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ بنایا جبکہ یہ جنوبی افریقہ میں کسی بھی وکٹ کیلئے بنائی گئی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔
بین اسٹوکس نے صرف 163 گیندوں پر ڈبل سنچری بنا کر انگلینڈ کی جانب سے تیز ترین ڈبل سنچری بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا لیکن وہ 10 گیندوں کے فرق سے تیز ترین ڈبل سنچری کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سچنری بنانے کا اعزاز نیوزی لینڈ کے ناتھن ایسٹل کے پاس ہے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف 153 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
اسٹوکس نے 258 رنز کی اننگ کے دوران تیز ترین 250 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بنایا جہاں انہوں نے 250 رنز بنانے کیلئے محض 198 گیندوں کا سہارا لیا۔
اس اننگ کے دوران اسٹوکس نے 30 چوکے اور 11 چھکے لگائے اور اس طرح وہ کسی ایک اننگ میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز بھی بن گئے۔
اسٹوکس کی اس اننگ نے بیئر اسٹو کی شاندار 150 رنز کی باری کو دھندلا دیا جنہوں نے 18 چوکے اور دو چھکے لگائے۔
اسٹوکس 258 رنز پر کیچ ہونے سے بچے لیکن اسی گیند پر وہ کیچ پر نظر رکھنے کی کوشش میں اپنا دھیان وکٹ نہ دے سکے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
کھیل کے دوسرے دن انگلینڈ کی جارحیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اننگ ڈکلیئر ہونے تک دن کے 38.5 اوورز میں آٹھ رنز فی اوور کی اوسط سے 312 رنز بنائے.
جب بیئر اسٹو نے چھکے کے ساتھ اپنے 150 رنز مکمل کیے تو انگلینڈ نے 629 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگ ڈکلیئر کردی۔
یاد رہے کہ سیریز میں انگلینڈ کو 1-0 کی برتری حاصل ہے جس نے ڈربن ٹیسٹ میں مہمان ٹیم کو شکست سے دوچار کیا تھا۔