پاکستان

کمشنر کراچی کو عہدے سے ہٹادیا گیا

شعیب احمد صدیقی کو عہدے سے ہٹاکر حیدرآباد ڈیویژن کے کمشنر آصف حیدر شاہ کو چارج سنبھالنے کا حکم۔

کراچی: حکومت سندھ نے کشمنر کراچی شعیب احمد صدیقی کو اپنے عہدے سے ہٹاکر حیدرآباد ڈیویژن کے کمشنر آصف حیدر شاہ کو اضافی چارج سنبھالنے کا حکم دے دیا۔

سرکاری ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا جاچکا ہے۔

شعیب صدیقی کو اپریل 2013 میں کراچی کا کمشنر مقرر کیا گیا تھا جنہیں اب محکمہ سروسز اور جنرل ایڈمنسٹریشن کو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

تقرری سے قبل شعیب ایوان صدر میں ایڈیشنل سیکریٹری کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نے کے ایم سی میں بھی کام کرچکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق آصف حیدر شاہ سندھ کے سابق وزیر اعلی عبد اللہ شاہ (مرحوم) کے داماد ہیں.

خیال رہے کہ عبد اللہ شاہ (مرحوم) کے بیٹے مراد علی شاہ اس وقت سندھ کے وزیر خزانہ ہیں، یوں کراچی کے نئے کمشنر کا صوبائی وزیر خزانہ سے بہنوئی کا رشتہ ہے.

واضح رہے کہ عمومی طور پر کراچی کا کمشنر گریڈ 21 کے افسر کو بنایا جاتا تھا مگر اس بار گریڈ 20 کے افسر آصف حیدر شاہ کو کمشنر بنایا گیا ہے جبکہ قبل ازیں کراچی کے کمشنر شعیب احمد صدیقی گریڈ 21 کے افسر تھے.

شعیب احمد صدیقی کو 11 مئی 2013 کے عام انتخابات سے 3 ہفتے قبل نگراں حکومت میں کراچی کا کمشنر مقرر کیا گیا تھا.

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 32 ماہ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے ان کو کم از کم 2 بار ہٹانے کی کوشش کی گئی کیونکہ پی پی پی کی اعلیٰ قیادت گریڈ 21 کے افسر شعیب احمد صدیقی کو اسٹیبلشمنٹ کا نمائندہ سمجھتی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں