کرکٹ کی تاریخ کی پہلی 1000 رنز کی اننگ کا ریکارڈ
ممبئی: ہندوستان میں اسکول کے 15 سالہ بچے پرانیو دھاناویڈ نے 1009 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کرکٹ کی تاریخ میں نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
15 سالہ پرانیو دھاناویڈ نے ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ میں کے سی گاندھی ہائی اسکول ممبئی کی جانب سے آریا گوروکل اسکول کے خلاف 323 گیندوں پر 59 چھکوں اور 129 چوکوں کی مدد سے 1009 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
کے سی گاندھی اسکول کی ٹیم نے اپنی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 1465 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
اس سے قبل فرسٹ کلاس سے کم سطح کی کرکٹ یا لسٹ اے کی سطح کی کرکٹ میں بڑے انفرادی اسکور کا ریکارڈ انگلینڈ کے آرتھر کولنز کے پاس تھا جنھوں نے 1899 میں 628 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر اور ہندوستان کی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے منفرد اننگز کھیلنے پر پرانیو کی تعریف کی۔
ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ایک اننگز میں پہلی بار ایک ہزار رنز بنانے پر انھیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ہندوستان کے کرکٹ ماہر ایاز میمن نے کہا کہ یہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے کسی بھی سطح پر چار ہندسوں کی اننگز کھیلنا حیرت انگیز احساس ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ "یہ غیر معمولی ہے کہ دودن سے بھی کم وقت میں اس رفتار کے ساتھ ایک ہزار رنز بنانا واقعی بڑی کامیابی ہے"۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس بچے کیلئے اس اننگز کو بین الاقوامی سطح پر تبدیل کرنا سب سے بڑا چیلنج ہو گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.