Dawn News Television

شائع 07 جنوری 2016 01:08pm

’نیٹ فلیکس‘ کی پاکستان آمد

لاس ویگاس: دنیا کے مشہور ترین اور جانے مانے ویڈیو اسٹریمنگ نیٹ ورک ’نیٹ فلیکس‘ نے پاکستان سمیت دنیا کے 130 ممالک میں بھی اپنی سروسز شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

نیٹ فلیکس کی ویب سائٹ کے مطابق صارفین 7.99 ڈالرز ماہانہ میں سروسز حاصل کرسکیں گے، جبکہ ایک ماہ مفت سروسز بھی بھی فراہم کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عموماً ٹی وی شوز اور فلموں تک نیٹ کے ذریعے رسائی کے لیے مفت سروسز فراہم کرنے والی ویب سائٹس کو ترجیح دی جاتی ہے۔

ویب سائٹ پر جاری بیان میں کمپنی کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو ریڈ ہیسٹنگز کا کہنا تھا کہ آج صارفین نئے گلوبل انٹرنیٹ ٹی وی نیٹ ورک کے آغاز کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی مدد سے ہم دنیا بھر کے صارفین کو یہ سہولت فراہم کر رہے ہیں کہ وہ جب اور جہاں چاہیں، اپنے من پسندیدہ ٹی وی شوز اور فلمیں دیکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیٹ فلکس کی سہولت 60 ممالک میں دستیاب تھی اور اس کی انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ وہ 2016 کے آخر تک اپنی سروسز کو سنیا کے 200 ممالک تک پھیلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

نیٹ فلکس استعمال کرنے والے صارفین کو یہ سہولت حاصل ہوتی ہے کہ وہ اپنی مرضی کے ٹی وی شوز اور فلمیں باآسانی دیکھ سکتے ہیں، لیکن محل و وقوع کے اعتبار سے شوز اور فلمیں مختلف ہوسکتی ہیں، جبکہ امریکا کی پابندیوں کے باعث یہ سہولت شام، شمالی کوریا اور کرائمیا میں دستیاب نہیں ہوگی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

Read Comments