مارک زکربرگ کا صارفین پر 'فرینڈشپ ڈے' منانے پر زور
دنیا بھر میں دوستی کا عالمی دن کب منایا جاتا ہے اس بارے میں تو کہنا مشکل ہے مگر فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 4 فروری کو فرینڈ شپ ڈے بنانے کے خواہشمند ہیں۔
جی ہاں سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک 4 فروری کو 12 سال کی ہوجائے گی اور اس موقع پر اس کے بانی مارک زکربرگ نے اپنے صارفین پر زور دیا ہے کہ وہ اسے دوستی کے دن کے طور پر منائیں۔
مارک زکربرگ نے فیس بک کے لیے پہلی بار کوڈ کو جنوری 2004 میں تیار کیا تھا۔
اس نیٹ ورک کو تیار کرنے کے پیچھے یہ مقصد تھا کہ مارک زکربرگ کے کالج کے طالبعلموں کو ایک دوسرے سے کنکٹ کرنے میں مدد دی جاسکے۔
اب مارک زکربرگ نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ پر کہا ہے کہ صارفین اس دن کو بطور فرینڈ شپ ڈے منائیں اور اپنی دوستی کے بارے میں کہانیاں شیئر کریں۔
ان کے خیال میں اس طریقے سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی آسکتی ہے۔
مارک زکربرگ نے اپنے صارفین پر گزشتہ سال بھی اس دن منانے کے حوالے سے زور دیا تھا تاہم یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے اسے فرینڈشپ ڈے کا نام دیا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔