کھیل

پاکستان پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیاب

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 155 رنز پر آؤٹ، شاہد آفریدی میچ کے بہترین قرار پائے

آکلینڈ : پاکستان نے کپتان شاہد آفریدی کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی.

آکلینڈ کے ایڈن پارک میں کھیلے گئے میچ میں کیوی ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر شاہد آفری کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی.

پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے بیٹنگ کا آغاز کیا، دونوں بلے بازوں نے محتاط بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز تک بغیر کسی نقصان کے 23 رنز بنائے تاہم چوتھے اوور میں احمد شہزاد نے ایڈم ملنے کو ایک چوکا اور ایک چھکا رسید کرنے کے بعد پانچویں گیند پر ایک اور اونچا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں ایلیٹ کو کیچ تھما بیٹھے، وہ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے پاکستانی بلے باز تھے.

صہیب مقصود اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر صفر پر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز شعیب ملک تھے جنھوں نے حفیظ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں اسکور کو 78 رنز تک پہنچایا اور 20 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے.

محمد حفیظ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 47 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنا ئے اور ایڈم ملنے کی گیند پر آؤٹ ہوئے، عمر اکمل 24 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے.

کپتان شاہد آفریدی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا اسکور 147 رنز تک پہنچایا، انھوں نے 8گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے لیکن اپنے مزاج کے مطابق کھیلنے کی کوشش میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کین ولیسمن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے.

سرفراز احمد 2 رنز بنا کر ملنے کا شکار بنے جبکہ عماد وسیم 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.

وہاب ریاض 2 اور عمر گل ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا ئے اور میزبان نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا.

نیوزی لینڈ کے ایڈم ملنے 4 وکٹیں حاصل کرکے کیویز کی جانب سے سر فہرست باؤلر رہے، سینٹنر کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں.

172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز کے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل 2 رنز بنا کر 9 کے مجموعی اسکورپر رن آؤٹ ہوئے جبکہ شاہد آفریدی نے ابتدائی اوور میں کین ولیمسن کا ایک آسان کیچ گرا دیا.

کولن مینرو 27 گیندوں پر جار حانہ 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انھوں نے 6 چھکے اور 2 چوکے لگائے، کورے اینڈرسن صفر پر عماد وسیم کا شکار بنے.

گرانٹ ایلیٹ 3 اور راؤنچی بغیر کوئی رن بنا ئے شاہد آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جبکہ سینٹنر بھی صفر پرہی عمر گل کو وکٹ دے بیٹھے.

ٹوڈ ایسٹل 138 کے مجموعے پر ایک رن کا اضافہ کرکے عمر گل کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ ہنری 10 رنز بنا کر محمد عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے بعد پہلا شکار بنے اسی کے ساتھ عامر کی بین الاقوامی کرکٹ میں 100 وکٹیں بھی مکمل ہوگئیں.

آخری اوور میں کین ولیمسن 70 اورٹرینٹ بولٹ صفر پر وہاب ریاض کی گیند وں پر آؤٹ ہوئے.

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 155 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی یوں پاکستان 15 رنز سے فاتح بن گیا.

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، عمر گل اور شاہد آفریدی نے 2،2 جبکہ عامر اور عماد وسیم نے 1،1 وکٹ حاصل کیں.

شاہد آفریدی کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا.

اس سے قبل پاکستان ٹیم میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کی پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد عامرکی واپسی ہوئی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہونے والے نوجوان آل راؤنڈر عماد وسیم اور طویل عرصے ٹیم سے دور رہنے والے ٹی ٹوئنٹی کے اسپیشلسٹ فاسٹ باؤلر عمر گل بھی فٹ ہو کر ٹیم میں شامل ہوگئے۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پرمشتمل تھیں۔

پاکستان

شاہد آفریدی(کپتان)، احمد شہزاد، محمد حفیظ، صہیب مقصود، شعیب ملک، عمر اکمل، سرفرازاحمد، عماد وسیم، وہاب ریاض، عمر گل اور محمد عامر

نیوزی لینڈ ٹیم

کین ولیمسن(کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، کورے اینڈرسن، گرانٹ ایلیٹ، راؤنچی، مچل سینٹینر، ٹوڈایسٹل، ایڈم ملنے، میٹ ہنری، ٹرینٹ بولٹ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو ہملٹن میں کھیلا جائے گا.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.