Dawn News Television

شائع 16 جنوری 2016 12:11am

سام سنگ کے3 گلیکسی فونز متعارف کرائے جانے کا امکان

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس سیون ممکنہ طور پر آئندہ ماہ متعارف کرایا جارہا ہے۔

اور اگر آپ سام سنگ ڈیوائسز پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ اسمارٹ فون اب تک کا سب سے بہترین ثابت ہونے والا ہے۔

جی ہاں سننے میں آیا ہے کہ مائیکروایس ڈی کارڈ سلاٹ کی واپسی کے ساتھ اس میں پہلے سے بہتر کیمرہ اور پریشر سینسیٹو ڈسپلے جو آئی فون سکس ایس کے تھری ڈی ٹچ جیسا ہے، کو شامل کیا جارہا ہے۔

اب تک اس کی جو تصاویر لیک ہوکر سامنے آئی ہیں ان سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ ایس سکس ایج سے مشابہہ ہے مگر ابھی اس حوالے سے یقین سے کچھ کہنا مشکل ہے۔

یہ بھی اطلاعات ہیں کہ اس فون میں یو ایس بی ٹائپ سی کی بجائے مائیکرو یو ایس بی کو استعمال کیا گیا ہے جبکہ وائرلیس چارجنگ کا آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق فروری کے آخر میں اس فون کو متعارف کرانے کا اعلان موبائل ورلڈ کانگریس میں ہوگا جبکہ اسے دنیا بھر میں مارچ میں پیش کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق یہ پہلا اینڈرائیڈ فون ہوگا جس میں ایپل کے تھری ڈی ٹچ جیسا پریشر سینسیٹو ڈسپلے دیا جائے گا جسے کلیئر فورس کا نام دیے جانے کا امکان ہے۔

برطانوی اخبار انڈیپینڈیٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی جانب سے بیک وقت 3 فلیگ شپ فونز کا اعلان کیا جائے گا یعنی گلیکسی ایس سیون، ایس سیون ایج اور ایس سیون ایج پلس۔

اس سے قبل گزشتہ سال سام سنگ نے پہلے گلیکسی ایس سکس اور ایس سکس ایج کو پہلے جبکہ چند ماہ بعد ایس سکس ایج پلس کو متعارف کرایا، مگر اس بار یہ تینوں فون بیک وقت ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

ان میں سے ایس سیون ممکنہ طور پر 5.1 سے 5.5 انچ جبکہ دیگر فونز 5.5 سے 5.7 انچ اسکرین کے ساتھ ہوسکتے ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

Read Comments