عثمان کی بدولت سڈنی بگ باش کی چیمپیئن
میلبرن: پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹمسین عثمان خواجہ کی شاندار بلے بازی کی بدولت سڈنی تھنڈرز نے میلبرن اسٹارز کو فائنل میں شکست دے کر بگ باش چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
میلبرن میں کھیلے گئےفائنل میں سڈنی تھنڈرز اور میلبورن اسٹارز کےدرمیان ہونے والے میچ میں سڈنی تھنڈرز نے ٹاس جیت کر میلبرن کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
میلبرن نے کیون پیٹرسن کی ایک اور خوبصورت اننگ کی بدولت 176 رنز کا مجموعہ حاصل کیا، پیٹرسن نے صرف 39 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد 74 رنز بنائے۔
جواب میں اپنے کیریئر کی شاندار فارم میں موجود عثمان خواجہ نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو مایوس نہ کیا اور شاندار بیٹنگ کے ذریعے اپنی ٹیم کیلئے ہدف کا حصول ممکن بنایا۔
سڈنی کےاوپنر نے جاک کیلس کے ہمراہ ٹیم کو 86 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صرف 40 گیندوں پر پانچ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے۔
عثمان خواجہ کے آؤٹ ہونے کے بعد سڈنی کی ٹیم کے قدم ڈگمگانے لگے اور اس نے چار اوور میں چار وکٹیں گنوا دی لیکن بین روہرر وکٹ پر ڈٹے رہے اور چھکا لگا کر تین گیند قبل ہی اپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلانے کے ساتھ ساتھ چیمپیئن کا اعزاز بھی دلا دیا۔
سڈنی تھنڈرز کی ٹیم پہلی مرتبہ بگ باش کے فائنل میں پہنچی تھی۔
عثمان خواجہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ کرس لن ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ادھر خواتین کے افتتاحی بگ باش ٹورنامنٹ میں بھی سڈنی تھنڈرز نے چیمپیئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔