پاکستان

افغانستان کی زمینی راستے سے ہندوستان تک رسائی

وفاقی حکومت نے افغانستان کو پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ہندوستان تک تجارتی رسائی دینے پر اتفاق کرلیا۔

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے افغانستان کو پاکستان کی سرزمین استعمال کرتے ہوئے ہندوستان تک تجارتی رسائی دینے پر اتفاق کرلیا۔

— بشکریہ طاہر شیرانی
— بشکریہ طاہر شیرانی

خیال رہے کہ ایک سال قبل پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کے درمیان زمینی تجارت کا مجوزہ معاہدہ تیار کیا گیا تھا اور اس پر دستخط ہونا تھے، تاہم عین وقت پر افغانستان نے معاہدے میں ہندوستان کو بھی شامل کرنے کی شرط رکھ دی۔

پاکستان نے معاہدے میں ہندوستان کو شامل کرنے کی مخالفت کی جس کے بعد سہ فریقی ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کا مستقبل غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہوگیا اور اب تک معاہدے پر دستخط نہیں ہوسکے۔

ایسے حالات میں حکومت نے افغانستان کو ہندوستان تک تجارتی رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے۔

اس ضمن میں 14 اور 15 فروری کو افغانستان ۔ پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ کوآرڈینیشن اتھارٹی (اے پی ٹی ٹی سی اے) کا چھٹا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔

سرکاری دستاویز کے مطابق اجلاس میں افغان ٹرکوں کو پاکستان کے راستے واہگہ سرحد تک سامان پہنچانے پر اتفاق کیا گیا اور افغان ٹرکوں کو طور خم اور چمن سے واہگہ سرحد تک سامان لے جانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح افغانستان نے بھی پاکستان کو شیر خان بندر یعنی تاجکستان کی سرحد تک زمینی تجارت کی رسائی دینے پر اتفاق کیا ہے۔

دستاویز کے مطابق افغان ٹرکوں کو واہگہ سے واپسی پر پاکستانی مصنوعات برآمد کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستانی ٹرکوں کو تاجک سرحد سے واپسی پر مصنوعات برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔

حکومت نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے موجودہ منفی فہرست ختم کرنے کے لیے افغان تجویز پر غور کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.