پاکستان

وزیراعظم، صدر کا 'ضرب عضب' پر اعتماد کا اظہار

وزیراعظم نے صدر کو حکومتی پالیسیز، فیصلوں اور معیشت کی بہتری کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی، ترجمان ایوان صدر

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے صدر ممنون حسین سے ملاقات میں آپریشن ضرب عضب، پاک-چین اقتصادی راہ داری (سی پی ای ایس) منصوبے، کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور قطر سے ہونے والے مائع قدرتی گیس (ایل این جی)کی سپلائی کے معاہدے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایوان صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم نواز شریف نے صدر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی.

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی صورت حال پر بات چیت کی گئی، جس میں راہداری منصوبہ، توانائی منصوبوں کی تکمیل، امن وامان کی مجموعی صورت حال، ملکی معیشت، آپریشن ضرب عضب اور کراچی میں رینجرز آپریشن جیسے اہم امور شامل تھے'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں سربراہان کی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد تک جاری رہی۔ انھوں نے کہا کہ 'وزیراعظم نے صدر کو مختلف حوالوں سے حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلوں اور پالیسیوں سے آگاہ کیا'۔

انھوں نے کہا کہ 'دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران کراچی میں امن و امان کی صورت حال اور آپریشن ضرب عضب کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے آپریشن سے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک اسے جاری رکھا جائے گا'۔

صدر ممنون حسین نے معیشت کے حوالے سے نواز شریف کی جانب سے اٹھانے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ 'بہتر پالیسی اقدامات نے ملکی معیشت کو زندہ کیا ہے'۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے اس بات کا بھی عزم کیا کہ 'ملک کی بہتر اقتصادی صورتحال کے فوائد' عوام تک پہنچائیں جائیں گے تاکہ ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنایا جاسکے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے توانائی کے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر بھی زور دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے صدر ممنون حسین کو ان کی جانب سے مختلف ممالک کے کیے جانے والے دوروں اور اس میں ہونے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بریفنگ دی، جس میں قطر سے ہونے والا ایل این جی کا معاہدہ بھی شامل تھا۔

وزیراعظم نے اپنی حکومت کی جانب سے ملک کے مختلف اداروں کی نجکاری کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی صدر کو اعتماد میں لیا۔

نواز شریف نے ملک میں مردم شماری کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے بھی صدر ممنون حسین کو آگاہ کیا۔

ساتھ ہی انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس مردم شماری سے پالیسی کی تشکیل اور قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد ملے گی۔

یہ خبر 24 فروری 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔