نئے آئی فون کا نام سامنے آگیا
ایپل کے نئے آئی فون کو ایس ای کا نام دیا گیا ہے جو کہ اسپیشل ایڈیشن کا مخفف ہے۔
آئی فون ایس ای نامی اس فون کے بارے میں پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ فائیو ایس ای ہوگا تاہم اب اس بارے میں ایک نئی رپورٹ سامنے آئی ہے۔
ایپل سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ نائن ٹو فائیو میک کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 4 انچ کا یہ آئی فون ، پرانے ماڈل آئی فون فائیو ایس سے ملتا جلتا ہے تاہم اس کے فرنٹ گلاس پینل پر ہلکا سا خم ہے۔
اس فون میں 8 میگا پکسل کیمرہ، آئی فون سکس ایس کا طاقتور اے نائن پروسیسر، ایپل پے اور لائیو فوٹوز جیسے فیچرز بھی شامل ہیں۔
ایپل کی جانب سے ایسا لگتا ہے کہ اس نئے آئی فون میں سے 5 کے نمبر کو کنفیوژن سے بچنے کے لیے نکالا گیا ہے۔
ایپل کے خیال میں فون کے ساتھ فائیو لگنے سے یہ تاثر جائے گا کہ یہ پرانے ماڈل کا نیا ورژن ہے اور لوگوں کو اس میں کشش محسوس نہیں ہوگی۔
توقع کی جارہی ہے کہ آئی فون ایس ای کو 15 مارچ کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائے گا جس کے ساتھ آئی پیڈ پرو کے چھوٹے 9.7 انچ اسکرین کے ورژن کو بھی پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب اس نئے آئی فون کی ایک اور تصویر بھی لیک ہوکر سامنے آئی ہے جس مین یہ فون آئی فون فائیو اور فائیو ایس جیسا ہی نظر آرہا ہے، تاہم ڈیزائن میں چند معمولی تبدیلی بھی ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔