کھیل

پچ سمجھ نہیں پائے، شعیب ملک

ہندوستان کیخلاف میچ میں بیٹنگ کرنا مشکل تھا لیکن ہمیں کنڈیشنز کا بالکل اندازہ نہیں تھا، آل راؤنڈر

ڈھاکا: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈز بلے باز شعیب ملک نے کہا ہے کہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ سے قبل ان کی ٹیم پچ کو درست انداز میں سمجھ نہیں پائی۔

ہفتے کو بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص ترین کارکردگی کے باعث گرین شرٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 83 رنز بنائے جس کے جواب میں محمد عامر کے شاندار باؤلنگ اسپیل کے باوجود ہندوستان پانچ وکٹوں سے کامیاب ہوگیا۔

ملک نے ٹریننگ سیشن کے بعد ڈھماکا میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ ہمیشہ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے۔

'ہم نے کچھ غلطیاں کیں، ہمیں علم نہیں تھا یہاں کنڈیشنز ایسی ہوں گی۔ کل بیٹنگ کرنا مشکل تھا۔ لیکن ہمیں کنڈیشنز کے بارے میں بالکل اندازہ نہیں تھا۔'

ملک نے کہا کہ 'اب ہم یہاں کھیل چکے ہیں اور سمجھ گئے ہیں کہ ان کنڈیشنز میں مخالف ٹیم کا کس طرح مقابلہ کرنا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ آپ اپنی غلطیوں سے ہی سیکھتے ہیں اور انہیں ہی دور کرنے کے لیے پریکٹس جاری ہے۔

ہدف کے دفاع میں محمد عامر نے باؤلنگ کے لیے سازگار ماحول میں تیز رفتار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کے تین ابتدائی بلے بازوں کو محض آتھ کے مجموعے پر پویلین روانہ کردیا تھا۔

تاہم ویرات کوہلی کی فتح گر اننگ نے ہندوستان کی جیت کو یقینی بنادیا۔

ملک نے باؤلرز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس سب سے اچھا باؤلنگ اٹیک ہے لیکن بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔'

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'جو کوئی بھی وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب ہوجائے اسے چاہیے کہ 60-70 رنز اسکور کرے۔ ایسا کرنے پر ہی ٹیم 140-150 رنز بنا پائے گی جس کا باؤلرز دفاع کرسکتے ہیں۔'


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔