کھیل

مستفیض کا متبادل تمیم اقبال بنگلہ دیش ٹیم میں

فاسٹ باؤلر اتوار کو سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔

ڈھاکا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے زخمی فاسٹ باؤلر مستیض الرحمٰن کی جگہ اوپننگ بلے بازتمیم اقبال کوایشیا کپ کے بقیہ مقابلوں کے لیے ٹیم میں شامل کرلیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے فزیو بے جید الاسلام کا کہنا تھا کہ مستفیض الرحمٰن نے اتوار کو کھیلے گئے میچ کے بعد تکلیف کی شکایت کی تھی جس کے بعد ان کے ٹیسٹ کئےگئے اور رپورٹ میں ان کی اسٹرین انجری کی تصدیق ہوئی ہے۔

بے جید الاسلام نے کہا کہ ’وہ زیرعلاج ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں کے لیے مکمل آرام دیا گیا تا کہ ان کی بحالی شروع ہو‘۔

’ہم توقع کررہےہیں کہ وہ تیزی سے صحت یاب ہوں گے اور جلد باؤلنگ کا دوبارہ آغاز کریں گے‘۔

مستفیض الرحمٰن نے سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کی 23 رنز کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا جہاں انھوں نے اپنے چار اوورز میں صرف 19 رنز دیے تھے اور آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کی قیمتی وکٹ بھی حاصل کی تھی۔

تمیم اقبال بنگلہ دیش ٹیم کے مستقل رکن ہیں تاہم وہ اپنے پہلے بیٹےکی پیدائش کے باعث ایشیا کپ سے دست بردار ہوگئے تھے اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کی جانب سے کامیاب بلے باز تھے لیکن پی ایس ایل کو ادھورا چھوڑکر بنکاک چلے گئے تھے جہاں ان کی بیگم کے رہائش پذیر تھیں اور اتوار کوان کے ہاں بیٹے کی ولادت ہوئی۔

تمیم اقبال پیر کو وطن واپس پہنچ کر ٹیم کے تربیتی کیمپ میں شامل ہوگئے ہیں۔

بنگلہ دیش ایشیا کپ میں اپنا اگلا میچ بدھ کو پاکستان کے خلاف کھیلے گا، میزبان ٹیم نے تین میچ کھیل کر 4 پوائنٹس حاصل کئے ہیں اگر وہ پاکستان کو زیر کرنےمیں کامیاب ہوئے تو براہ راست فائنل میں پہنچ جائیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔