پاکستانی ٹیم کیلئے نئے بیٹنگ کوچ کا مطالبہ

اسلام آباد: پاکستان کے سابق عظیم بلے باز حنیف محمد نے قومی ٹیم کے بلے بازوں کی حالیہ ناقص کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے نیا بیٹنگ کوچ تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حنیف محمد نے کہا کہ ہیڈ کوچ وقار یونس کھلاڑیوں کو بیٹنگ نہیں سکھا سکتے لہٰذا قومی ٹیم کیلئے نیا بیٹنگ کوچ تعینات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوچ کا تعلق پاکستان سے ہی ہونا چاہیے تاکہ وہ کھلاڑیوں سے صحیح معنوں میں کام لے سکے۔
حنیف محمد نے کہا کہ ایشیا کپ میں اپنے افتتاحی میچ میں ہندوستان کے خلاف پاکستانی بلے بازوں نے ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور اسی وجہ سے باؤلرز اتنے کم ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا لیکن وہ اتنے کم مجموعے کا دفاع کرنے سے قاصر تھے اور جب بھی ہمارے بیٹسمین پہلے بلے بازی کریں تو ان کے ذہن میں 130-150 رنز کا ہدف ہونا چاہیے۔
'یہ بہت بڑی بدقسمتی ہے کہ جب کبھی ہمارے بیٹسمین پہلے بیٹنگ کرتے ہیں تو وہ 20 اوورز بھی کری پر کھڑے نہیں ہوسکتے۔
1968 میں وزڈن کے سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے حنیف محمد نے مزید کہا کہ محمد حفیظ کی جگہ خرم منظور کو اوپننگ کیلئے بھیجا جانا چاہیے، حفیظ تیسرے نمبر پر اچھی بیٹنگ کرتے ہیں اور انہیں اسی نمبر پر بھیجا جانا چاہیے۔
عظیم بلے باز نے شاہد آفریدی کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اچھا کپتان قرار دیا اور کہا کہ ان کی بدقسمتی تھی کہ وہ ہندوستان کے خلاف رن آؤٹ ہو گئے بصورت دیگر وہ اچھا اسکور کرتے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔