آفریدی ٹیم میں سلمان بٹ کی شمولیت کے مخالف
کراچی: پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی نے اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کی قومی ٹیم میں شمولیت کی مخالفت کردی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے اندرونی ذرائع نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پانچ سال سزا پوری کرنے والے سلمان بٹ کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے قوی امکانات تھے لیکن شاہد آفریدی ان کی قومی ٹیم کی واپسی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سلمان بٹ نے ہفتے کی رات لاہور میں چیف سلیکٹر ہارون رشید سے ملاقات کی، صورتھال کچھ یوں ہے کہ قومی ٹیم کے اراکین واضح کر چکے ہیں کہ انہیں اسکواڈ میں سلمان بٹ کی شمولیت سے کوئی مسئلہ نہیں لیکن آفریدی ان کی اسکواڈ میں موجودگی کے حق میں نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ایشیا کپ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے بعد سلیکٹرز بیٹنگ خصوصاً اوپننگ مسائل کو حل کرنے کیلئے سلمان بٹ کو شامل کرنے پر غور کر رہے تھے۔
باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سلیکٹرز پاکستان ٹیم کے اوپننگ مسائل کو فوری طور پر حل کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے اوپنر احمد شہزاد کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ سلمان بٹ کے نام بھی غور جاری تھا۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی چیئرین شہریار خان اور نجم سیٹھی ممکنہ طور پر لاہور میں شاہد آفریدی سے ملاقات کریں گے اور انہیں سلمان کی ٹیم میں شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
ٹی ٹوئنٹی کپتان نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی واپسی کو تو تسلیم کر لیا تھا لیکن وہ سلمان بٹ کو دوسرا موقع دینے کے حق میں نہیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ سابق کپتان بدنام زمانہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کا مرکزی کردار تھے اور انہوں نے عامر کو اسپاٹ فکسنگ پر اُکسایا۔
سلمان بٹ نے رابطہ کرنے پر کہا کہ وہ اپنا انٹرنیشنل کیریئر دوبارہ بحال کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ میں نے جو کیا وہ غلط تھا اور میں اس کی سزا بھگت چکا ہوں۔ میں اب بدل چکا ہوں اور 2010 میں جو کچھ ہوا، اس پر میں پوری قوم، پاکستان کرکٹ بورڈ اور شاہد آفریدی سمیت پوری ٹیم کے اراکین سے معافی مانگ چکا ہوں۔
سابق کپتان نے کہا کہ آفریدی میرے سینئر ہیں اور جب بھی ان ملا، میں نے ان سے معافی مانگی۔ میں ذہنی طور پر واپسی کیلئے تیار ہوں، باقی سلیکٹرز پر منحصر ہے لیکن میں نے بہت زیادہ امیدیں وابستہ نہیں کیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔